ہوناور/کمٹہ:8/مئی (ایس اؤنیوز) دو دن پہلے کچھ منٹوں کے جو تیز ہوائیں چلیں اور بارش ہوئی، اس نے ہوناور کے اطراف میں کافی بڑی تباہی پھیلائی ہے۔مانسون سے قبل ہونے والی اس پہلی بارش نے تو سب سے پہلے بھٹکل تک کے لئے مسلسل 24گھنٹے سے زیادہ بجلی کا مسئلہ کھڑا کردیا اور لوگ گرمی کے ساتھ اندھیرے میں رات گزارنے پر مجبور ہو گئے۔ وہیں ہوناور تعلقہ کے دیہی علاقوں میں تیز ہوا اور بارش کے نتیجے میں 149مکانات کو نقصان پہنچا۔ جن میں سے تین مکانات تو درخت گرنے کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ دیہات میں ہی 30سے زائد بجلی کے کھمبے ٹوٹ کرگرے ہیں،جس کے نتیجے میں سنیچر کی رات سے اتوار کی رات تک بجلی غائب تھی ۔ بجلی چلے جانے سے عوامی زندگی ایک طرح سے مفلوج ہوکر رہ گئی ۔
بتایا گیا ہے کہ کچھ گھروں کی دیواریں گرگئی ہیں تو کچھ گھروں کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔ریوینیو ڈپارٹمنٹ نے کے سروے میںً جملہ36لاکھ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
اسی طرح ہیسکام کی رپورٹ کے مطابق چند ہی گھنٹوں کے اس طوفانی موسم میں145بجلی کے کھمبے زمین سے اکھڑ کر گر گئے ہیں۔ جس سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں تمام کوششوں کے باوجود ہیسکام کو ابھی بھی دقت پیش آر ہی ہے۔
اُدھر پڑوسی تعلقہ کمٹہ میں بھی بڑے بڑے درختوں کے گرنے سے 2گھرحادثے کا شکار ہوئے ہیں ۔ ہنی مٹھ کے مکین راجو پرمیا پٹگاراور گنپتی لکشمن پٹگار کی ملکیت والے گھروں کو فی کس 50ہزارروپیوں سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ اسی طرح شہر میں ایک بڑے آم کا درخت گرنے سے 1لاکھ سے زائد نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔